عمران ایبسلو ٹلی فراڈ ، منا فق ، صدر بھی جھو ٹا کہہ چکے ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران نیازی ایبسلوٹلی فراڈ، منافق، فارن فنڈڈ فتنہ ہے، عوام اس کے فراڈ میں آنے سے بچیں، اس کی شخصیت صرف جھوٹ پر مبنی ہے، صدر بھی انہیں جھوٹا شخص قرار دے چکے ہیں۔ پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران نیازی صبح دوپہر شام جھوٹ بولتا ہے، اس کا کام صرف جھوٹ بولنا، جھوٹ بولنے کا سبق سکھانا اور اس کی تلقین کرنا ہے، عمران نیازی کی شخصیت صرف جھوٹ پر مبنی ہے۔ عمران نیازی سے سوال پوچھا جائے تو یہ دوسروں سے سوال پوچھنا شروع ہو جاتے ہیں، ان سے ممنوعہ فنڈنگ کا سوال کیا جائے تو کہتے ہیں کہ دوسری پارٹیوں کی فنڈنگ بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف آیا ہے، عمران خان دوسری پارٹیوں کی فنڈنگ اور اکائونٹیبلٹی کے حوالے سے الیکشن کمشن میں کوئی ثبوت اور شواہد پیش نہیں کر سکے، ان کی کوشش صرف ایک بیانیہ بنانا ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کہ سچ لگنے لگے۔ عمران نیازی سے ان کی چوری پر پوچھا جائے تو یہ دوسروں پر چوری کا الزام لگا دیتے ہیں۔ عمران خان کی صورتحال اس وقت یہ ہے کہ ’’یاد ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا‘‘۔ عمران خان چار سال تک ملک کے وزیراعظم رہے، اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، سیاسی مخالفین کو بلیک میل کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئے، اس وقت کے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف من گھڑت مقدمات دائر کرنے پر مجبور کیا۔ اگر عمران نیازی کے پاس شریف فیملی کے خلاف شواہد تھے تو کیوں پیش نہیں کئے، عمران نیازی اپنا قد بڑھانے اور اپنی سیاست چمکانے کے لئے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز پر الزامات لگاتے ہیں، یہ وہ فتنہ ہے جو اس ملک کے اندر چار سال تک اقتدار پر براجمان رہا، عمران نیازی وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو لیک ہونے پر عدالت سے رجوع کرنے کا کس منہ سے کہہ رہے ہیں، اس پر جے آئی ٹی بن چکی ہے، انہوں نے جے آئی ٹی میں پیش ہونا ہے۔ پریس کانفرنس میں عمران خان کی دو ویڈیوز بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئیں۔ ایک ویڈیو میں عمران خان وزیراعظم اور وزیراعظم ہاؤس کے ٹیلیفون ٹیپ ہونے کے حق میں کہہ رہے ہیں کہ یہ پروٹیکشن کے لئے ہے، وہ اسے قانونی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ دوسری ویڈیو میں وہ اس پر یوٹرن لیتے ہوئے اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران نیازی کے ویڈیو کلپس دیکھ کر انسان کی عقل دنگ رہ جاتی ہے کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں یہ پہلا وزیراعظم تھا جو وزیراعظم آفس اور وزیراعظم کی ریکارڈنگ کو قانونی قرار دے رہا ہے۔ آڈیو لیکس آنے کے بعد عمران نیازی کا بیرونی سازش کا بیانیہ دفن ہو گیا، صدر مملکت بھی کہہ چکے ہیں کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، عمران نیازی نے سائفر کے منٹس بدلے، اس کو فیبریکیٹڈ کیا اور اس کے بعد اس کی کاپی لے کر فرار ہو گئے۔ عمران نیازی جب عدالت جائے گا تو کس منہ سے جائے گا، کیا وہ عدالت میں اپنے ویڈیو کلپ چلا کر بتائے گا کہ اس وقت کا وزیراعظم جو یہ کیس عدالت میں لے کر آیا ہے، عمران نیازی نے قوم کی تقدیر کے ساتھ کھیلا، جب اقتدار میں آئے تو انہوں نے صحیح اور غلط کی فکر کئے بغیر ملک کی معیشت اور سیاست کے ساتھ کھیل کھیلا، کشمیر کا سودا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے ان تمام اخراجات کا تخمینہ لگایا ہے جو لانگ مارچ کے دوران ملک میں امن و امان برقرار رکھنے پر اٹھیں گے۔ عمران خان کے احتجاجوں کی وجہ سے عوام کی سکیورٹی پر کروڑوں روپے کا خرچ آتا ہے، یہ رقم سکولوں، ہسپتالوں اور سیلاب متاثرین پر خرچ ہو سکتی ہے لیکن یہ رقم فارن فنڈڈ فتنے کے لانگ مارچ اور احتجاجوں سے نمٹنے کے لئے مختص کرنا ہوگی۔ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، آج خیبر پی کے کے اندر سرکاری ملازمین سڑکوں پر ہیں، صوبہ ڈیفالٹ کر رہا ہے، صوبے کے پاس تنخواہیں ادا کرنے کے لئے پیسے نہیں، وہاں سرکاری ملازمین کو پتھر مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص نے اپنے چار سالوں میں پنجاب کا جو حال کیا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ مریم اورنگزیب نے پرویز ملک مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز ملک مسلم لیگ ن کے جان نثار اور وفادار ساتھی تھے۔