شہباز ، شجاعت ملا قات ، ہر مشکل میں حکومت کیسا تھ کھڑے ہیں : ق لیگ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری شجاعت حسین نے منگل کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی و مجموعی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ مزید برآں ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت کی تمام اتحادی جماعتیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے یک جان ہو کر کام کرتی رہیں گی۔ ملاقات کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر مشکل حالات میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی ملک احمد اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت تھرکول اور سولرائزیشن کے ذریعہ بجلی پیداوار کے لئے جانفشانی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اس سے بجلی کی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی ہو گی اور شہریوں کو ریلیف ملے گا‘ جب تک توانائی کی درآمد پہ انحصار ہو گا پاکستان معاشی استحکام کو یقینی نہیں بنا سکتا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت اور دیگر فریفین کو اس حوالہ سے سراہتے ہیں‘ ہمارے امپورٹ بل میں توانائی کی درآمد کا بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک توانائی کی درآمد پہ انحصار ہو گا پاکستان معاشی استحکام کو یقینی نہیں بنا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امپورٹ سے قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تھر میں کوئلہ کے وسیع ذخائر ہمارے لئے بہترین مواقع پیدا کرتا ہے‘ یہ ہمارے ایجنڈا میں سرفہرست ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ تھرکول منصوبے سے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ حکومت نے منصوبے میں غیر ضروری تاخیر کی۔ منصوبہ سے توانائی امپورٹ بل کم کرنے میں مدد کرے گی۔ اس پر آئندہ ہفتے اجلاس بلایا جائے گا‘ وزیراعظم نے مزید کہا توانائی کی بچت کے حوالہ سے عوامی آگاہی کا آغاز کیا جائے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم بلوچستان طلباء کے مالی مسائل بتائے گئے بلوچستان کے ان تمام طلباء و طالبات کے تعلیمی اخراجات کا 50 فیصد وفاقی حکومت دے گی تاکہ وہ بغیر پریشانی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار اسرار ترین اور رکن قومی اسمبلی خالد مگسی‘ وزیر دفاع خواجہ محمدآصف اور وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی۔ جبکہ منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے بھائی اور دیرینہ ساتھی پرویز ملک کو ہم سے بچھڑے آج ایک سال بیت گیا ہے۔ وہ نہایت قابل اعتماد، معاملہ فہم اور زیرک انسان تھے۔ انہوں نے جس طرح پاکستان مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف کا ساتھ نبھایا وہ پارٹی کے ساتھ وابستگی اور وفا کی انمول داستان ہے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔