اﷲ پاک نے نبی کریم ؐکو سارے جہان کیلئے رحمت بنا کر بھیجا:سلیم رضا سلطانی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )ممتاز عالم دین مولانا صاحبزادہ قاری محمد سلیم رضا سلطانی قادری نے کہا ہے کہ اﷲ پاک نے نبی کریم ؐکو سارے جہان کیلئے رحمت بنا کر بھیجا، آپ کی دعوتی زندگی کا کوئی پہلو ایسا نہیں ہے جو بذات خود ہمارے لئے ایک نمونہ عمل نہ ہو، رحمت اللعالمینؐ آپ کا جبہ ہے اور خلق عظیم آپ کا تاج ہے، صداقت اور امانت آپ کے لباس کا تانا بانا ہے، خوش خلقی کا رنگ آپؐ کی فطرت حسنہ میں جلوہ گر ہے، حق کا نورانی حلقہ آپ کے سینہ مبارک کے گرد جگمگ جگمگ کرتا ہے۔ اﷲ کا نور آپؐ کے قلب صادق میں جمال آرا ہے، آپؐ مجسم حق ہیں، آپؐ تفسیر قرآن ہیں، اﷲ تعالیٰ ہمیں حضورؐ کے مبارک طریقوں کو اپنانے کی توفیق عطاء فرمائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرفات کالونی میں منعقدہ محفل میلاد مصطفی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، نقابت کے فرائض غلام مصطفی صدیقی نے سرانجام دیئے جبکہ تلاوت قرآن مجید حافظ محمد علی رانا اور نعت رسول مقبول صداقت علی شاہ، محمد علی گولڑی اور حمزہ شبیر چشتی نے پیش کی، اس موقع پر حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرنے پر رانا محمد علی کی دستار بندی بھی کی گئی،محفل میں ڈاکٹر عبدالرشید چشتی گولڑوی، ساجد چشتی گولڑوی، محمد نعیم چشتی گولڑوی، فیصل بٹر ایڈووکیٹ و دیگر نے بھی شرکت کی۔