سپیشل اکنامک زونز کاایشیائی معیشتوں میں صنعتی ترقی میں کلیدی کردارہے:ایم نوید
لا ہور(کامرس رپورٹر ) چیئرمین سپیشل اکنامک زونزایس ایم نوید نے کہا ہے کہ صنعتی پیداوار کو بڑھانے کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت سپیشل اکنامک زونز کو 4 صوبوں اور خصوصی علاقوں میں پھیلایا گیا ہے۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران پی سی جے سی سی آئی کے صدر معظم گھرکی سے ملاقات میں کیا ہے ۔ایس ایم نوید نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز نے بہت سی ایشیائی معیشتوں میں صنعتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہ ہمیں کلسٹر کی بنیاد پر صنعت کاری پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہ چین کی ترقی کا کلیدی عنصر ہے۔ تقریباً 40 سال پہلے چین نے صنعتوں کو سیٹ اپ کرنے کیلئے سیگمنٹس اور کلسٹر بنانے کا آغاز کیا۔ ریورس انجینئرنگ کا استعمال کرتے ہوئے مارکیٹوں میں نئے پیداواری اصول متعارف کرائے گئے ہیں جن سے بڑے پیمانے پر پیداوار ہوئی اور لاگت میں کمی واقع ہوئی۔فانگ یولونگ، سینئر نائب صدر نے اپنے آن لائن خطاب میں اپنے خیالات کا تبادلہ کیا کہ وسائل کا نوٹس لینے اور زون کے ڈویلپرز کو زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے ہدف کو حاصل کر سکیں۔ اس معاملے میں، پاکستان چین کے تجربے کو دیکھ سکتا ہے جس نے مغرب سے ثالثی کے قوانین بنائے ہیں اور فی الحال شنگھائی فری ٹریڈ زون میں ان کا تجربہ کر رہا ہے۔پی سی جے سی سی آئی کے نائب صدر حمزہ خالد نے کہا کہ ایس ای زیڈ ایس ایم نوید کی قیادت میں مزید فعال طور پر پروان چڑھیں گے۔
اور یقینی طور پر کاروباری برادری کیلئے مواقع کے نئے راستے کھلیں گے۔ پاکستان کو معاہدے کے تنازعات کی صورت میں ثالثی کے مضبوط قوانین پیش کرنے کی ضرورت ہے۔پی سی جے سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے SEZs کے نئے چیئرمین کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی اور ملکی فرموں کیلئے مخصوص زون میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے معاون کاروباری ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔