• news

صنعتکار آلودگی کے خاتمہ کیلئے تیار خوف و ہراس ختم کیا جائے:  ندیم قریشی

لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ محکمہ تحفظ ماحول پنجاب خوف و ہراس کو ختم کرکے کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرئے اور صنعتوں کیلئے این او سی کے عمل کو آسان بنایا جائے۔صنعتکار بھی آلودگی کا خاتمہ چاہتے ہیں اورمحکمہ تحفظ ماحول کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ہر جگہ فصلوں کی باقیات جلائی جاتی ہیں جو سب سے زیادہ آلودگی کا باعث بنتی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے سیکرٹری ڈاکٹر نعیم رؤف کے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کے دورے کے موقع پر کیا۔ محمد ندیم قریشی نے درخواست کی کہ فیڈریشن چیمبر کیلئے محکمہ تحفظ ماحول کافوکل پرسن مقرر کیا جائے اوربزنس کمیونٹی کیلئے زیادہ سے زیادہ آگاہی سیشنز کا اہتمام کیاجائے۔ جس پرڈاکٹر نعیم رؤف نے فوری رد عمل دیتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول نسیم الرحمن کو ایف پی سی سی آئی کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا اورانڈسٹری کیلئے مخصوص آگاہی سیشنز کا اہتمام کرنے کا بھی اعلان کیا۔ محکمہ تحفظ ماحول کے تمام کام کو ڈیجٹیلائز کیا جا رہا ہے جس سے تمام سروسز آن لائن حاصل کی جا سکیں گئی اورہراساں کرنے کا عنصر بھی ختم ہو جائے گا۔کھیتوں کی باقیات جلانے والوں کو ابھی سے وارننگ دے رہے ہیں اوردھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ہمارا مقصد تحفظ ماحول کے ساتھ ساتھ کاروبار کیلئے سہولیات مہیا کرنا ہے۔محمد ندیم قریشی نے ڈاکٹرنعیم رؤف کی کاوشوں کو سراہا اور زور دیا کہ تمام حکومتی محکموں کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول مہیا کرنے کیلئے اقداما ت کرنے چاہیے تاکہ صنعتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے صرف صنعتوں کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے ماحولیاتی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر رفعت ملک،کوارڈنیٹر محمد علی میاں،ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحول نسیم الرحمن، سندر ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن،لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریل سٹیٹ ایسوسی ایشن،دروغہ والا انڈسٹری اونر ایسوسی ایشن کے عہدہداروں سمیت بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن