خیبر پی کے میں نقص امن‘ پی ٹی آئی عوام کو تحفظ دینے میں ناکام: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ پی ٹی آئی عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو اسے حکومت کرنے کا حق حاصل نہیں۔ ٹارگٹ کلنگ، سٹریٹ کرائم اور بھتہ خوری کے واقعات میں ہر آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگوں کو سرعام بھتہ کے لیے فون کالز آتی ہیں۔ اگر کوئی پیسے نہیں دیتا تو اسے دن کی روشنی میں گولی مار دی جاتی ہے۔ پشاور سمیت کوئی بھی شہر ایسا نہیں جہاں عوام خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور نہ ہوں، لوگ ڈر کے مارے رات کو گھروں سے باہر نہیں نکلتے۔ وزیراعلیٰ، وزراء اور صوبائی ممبران اسمبلی تک اپنے علاقوں میں نہیں جا رہے۔ لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ ایک طرف مہنگائی و بے روزگاری ہے۔ سازش کے تحت لوگوں کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔ حکمران عوام کو آئی ڈی پیز بننے پر مجبور نہ کریں۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اگر حکمران ایسا نہیں کر سکتے تو گھر جائیں۔ دس برس سے صوبے پر مسلط پی ٹی آئی نے کوئی وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ حقوق مانگنے پر اساتذہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جماعت اسلامی ظلم و ناانصافی کو برداشت نہیں کرے گی۔ عوام کے تحفظ اور حقوق کی حفاظت کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیرپائن میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک کے فیصلے واشنگٹن کے بند کمروں میں ہوتے ہیں اور حکمران استعماری ایجنڈا ملک میں نافذ کرتے ہیں، یہ لوگ اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور عام فرد کا بھیانک بنا رہے ہیں۔ چترال سے لے کر کراچی تک ہر شخص حالات سے پریشان ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی عوام کے سامنے ایکسپوز ہو گئیں۔ دونوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا۔ تینوں جماعتیں وڈیروں، جاگیرداروں کے کلبز ہیں۔ تینوں جماعتو ں کے ادوار میں مافیاز نے مال بنایا اور عوام بے گھر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے۔ قوم فرسودہ نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔
سراج الحق