اٹارنی جنرل کا استعفیٰ، وزیراعظم نے کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف علی نے گزشتہ روز 12 اکتوبر کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ استعفیٰ کے بعد وزیراعظم کی جانب سے اٹارنی جنرل کو نئی تعیناتی تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل نے خرابی صحت کے باعث مزید کام جاری رکھنے سے معذرت ظاہر کی۔ وفاقی حکومت نے نئے اٹارنی جنرل کی تلاش شروع کر دی۔ واضح رہے کہ رواں برس مئی میں وفاقی حکومت کی جانب سے اشتر اوصاف علی کو اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا تھا۔ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے 2016ء میں اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا۔ اشتر اوصاف 2 مرتبہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی رہے ہیں۔ انہوں نے بطور اٹارنی جنرل فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے آئینی ترمیم کے مسودے کی تیاری میں کردار ادا کیا تھا۔