دو ہفتے بعد ڈالر ڈیڑھ روپے مہنگا‘ سونا1450 روپے تولہ بڑ ھ گیا‘ سٹاک مارکیٹ میں مندا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) 14 روز بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ گزشتہ روز ڈالر کا بھاؤ کم ہونے کی لہر دو ہفتے بعد ٹوٹ گئی۔ انٹر بنک تبادلہ میں ڈالر 9 پیسے مہنگا ہوا۔ انٹر بنک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 217.88 روپے رہا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 220 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔ ادھر ملکی صرافہ بازار میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 1450 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 46 ہزار 300 روپے ہے۔ دس گرام سونے کا بھاؤ 1286 روپے بڑھ کر 1 لاکھ 25 ہزار 429 روپے ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 1668 ڈالر فی اونس پر برقرار ہے۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز کاروبار کا منفی دن رہا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 148 پوائنٹس کم ہو کر 42007 پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 23 کروڑ 86 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7.85 ارب روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 12 ارب روپے کم ہو کر 6836 ارب روپے ہے۔