• news

سیکرٹری رابطہ عالم اسلامی کی ملا قات ، مسلم امہ کیلئے تنظیم کی خدمات قا بل قدر ہیں : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل  شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے رابطہ عالم اسلامی کے وفد کا وزیراعلیٰ آفس آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی، عبدالرحمان خلیل الخدیدی، عبدالوہاب محمد عبدالعزیز الشہری، خالد مفرح الوتیابی، محمد سعید الغامدی، سعید الحارثی اور دیگر شخصیات وفد میں شامل تھیں۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعلیٰ کی دین کے حوالے سے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف کو لازمی قرار دینے کیلئے قانون سازی کر کے تاریخی اقدام کیا ہے۔ آپ کی سربراہی میں پنجاب حکومت کے دین کے حوالے سے مبارک اقدامات قابل تعریف ہیں۔ آپ نے دین اسلام کے حوالے سے گراں قدر کام کیا ہے اور اللہ تعالیٰ آپ کو اس نیک کام کا صلہ دے گا۔ شیخ محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور وفد کے دیگر ارکان نے پنجاب میں شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے دین کے حوالے سے پنجاب میں کی گئی قانون سازی اور اقدامات کے بارے میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل  شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی اور وفد کو آگاہ کیا۔ پرویزالٰہی نے کہاکہ رابطہ عالم اسلامی کی مسلم امہ کیلئے خدمات قابل قدر ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہر پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سعودی عرب آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ حالیہ سیلاب کے دوران بھی سعودی حکومت اور سعودی بھائیوں کی طرف سے امداد کو ہر پاکستانی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے قرآن بورڈ اور سیرت اکیڈمی قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ نکاح کے وقت اب ختم نبوتؐ  کا حلف دینا لازمی ہے جس کی بدولت اب ہماری بچیوں کا مستقبل محفوظ ہے، انشاء اللہ آئندہ کسی بچی اور خاندان کے ساتھ دھوکہ نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ رابطہ عالم اسلامی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے شاندار کاوشیں سرانجام دے رہی ہیں۔ دین کی خدمت کا سلسلہ جاری وساری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن