عمران خان فتنہ پھیلانے کیلئے عوام سے حلف لے رہے ہیں: عظمیٰ بخاری
لاہور(نیوزرپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان ریاست کے خلاف فتنہ پھیلانے کیلئے لوگوں سے حلف لے رہے ہیں ،سیلاب متاثرین کے نام پر اکٹھی ہونے والی امداد بھی اسلام آباد میں انتشار کیلئے استعمال ہونے کا خدشہ ہے ،عمران خان کی آڈیو لیک معاملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ، اعتزاز احسن عرضی لئے پھر رہے ہیں کہ لاہور سے انہیں یا ان کی بیگم کو ٹکٹ دیا جائے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روز تماشا لگا ہوا ہے ، صوبائی وزرا ہاشم ڈوگر اور لطیف نذر گجر نے استعفی دیدیاہے،ہاشم ڈوگر کے استعفی کے پیچھے کہانی یہ ہے کہ عمران خان ان کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے،ہاشم ڈوگر نے مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف مقدمات درج کروائے۔
،شہباز گل کو اڈیالہ جیل میں ہاشم ڈوگر نے سہولیات دیں اور ایک سچ کہہ دیا کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا جس پر عمران خان خوش نہ تھے ، اب سن رہے ہیں کہ اسلم اقبال جیسے لوگ وزیر داخلہ ہوں گے جو پہلے ہی غنڈہ گردی اور تھانوں میں جاکر دھمکیاں دینے کے حوالے سے مشہور ہیں۔