پنجاب، ویب 3.0 ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کو اپنانے کیلئے 22 رکنی کمیٹی تشکیل
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب میں ویب 3.0 ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کو اپنانے کیلئے وزیراعلیٰ نے 22رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے کنوینئر صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری اور کو کنوینئر صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد ہوں گے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر ڈاکٹر ارسلان خالد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ویب3.0 اپنانے سے نوجوانوں کیلئے ٹیکنالوجی کی نئی راہیں کھلیں گی‘ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے نئے مواقع سامنے آئیں گے اور نئے ٹیلنٹ کا ایک پ±ول بنایا جائے گا جو ویب 3 ایکوسسٹم کا حصہ ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں تمام بڑے گلوبل ورچوئل کرنسی سٹیک ہولڈرز کے آر اینڈ ڈی سنٹرز اور انوویشن لیبز کے قیام کیلئے رابطے کیے جائیں گے۔ سٹیٹ بنک‘ نیشنل بنک‘ پنجاب بنک‘ ایف بی آر‘ ایس ای سی پی کے نمائندوں کے علاوہ چیئرمین پی آئی ٹی بی‘ چیئرمین پاشا اور وی سی آئی ٹی یونیورسٹی بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ اس کے علاوہ سیکرٹری قانون‘ پالیسی اینڈ ڈومین ایکسپرٹ ڈاکٹر حسین ندیم‘ آئی سی ٹی انڈسٹری ایکسپرٹس انوشے شیگن‘ سبینا ظفر‘ بدر خوشنود اور فیصل چوہدری‘ سی ای او نیٹ سول سلیم غوری‘ سی ای او سسٹمز لمیٹڈ آصف پیر‘ سی ای اوٹیک لوجکس سلمان اختر‘ سی ای او سٹیپس عمر فاروق اور ڈی جی ای گورننس پی آئی ٹی بی ساجد لطیف بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی تشکیل