• news

اوکاڑہ: مقابلے میں ہلاک چاروں ڈاکوﺅں کی شناخت‘ 2 سگے بھائی تھے


اوکاڑہ‘ قبولہ‘ پاکپتن،لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) اوکاڑہ پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے چاروں ڈاکوﺅں کی شناخت ہو گئی۔ ڈاکوﺅں میں دو سگے بھائی تھے۔ مارے جانے والے ڈاکوﺅں کا تعلق لاہور‘ فیصل آباد اور اوکاڑہ سے نکلا۔ ڈاکو مختلف اضلاع کی پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ شاہپور کے علاقے میں پولیس مقابلے میں کراس فائرنگ کے نتیجے میں 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوﺅں کی شناخت اعظم رضوان‘ زوار حسین اور عابد علی ٹھوکر نیاز بیگ لاہور سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی شہید سب انسپکٹر محمد سرور اکرم کے گھر قبولہ آمد۔ آئی جی پنجاب نے شہید کے بلند درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔

 آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہید سب انسپکٹر محمد سرور اکرم کی فیملی کی ویلفیئر کا بھرپور خیال رکھا جائے گا اور شہید کی فیملی کو زندگی کے کسی موقع پر اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ یاد رہے کہ شہید سب انسپکٹر محمد سرور اکرم نے ڈاکوﺅں کا تعاقب کرتے کراس فائرنگ میں جام شہادت نوش کیا۔ آر پی ساہیوال طیب حفیظ چیمہ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت شہید کی بیوہ کو نوکری‘ گھریلو اخراجات اور بیٹے کی تعلیم کے تمام اخراجات اٹھائے گی۔ دو کروڑ روپے بھی دئیے جائیں گے۔ شہید کے سوگواران میں بیوہ اور ننھا بیٹا شامل ہیں۔ نمازجنازہ کے بعد پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور قومی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کر دیا گیا۔
ڈاکو شناخت

ای پیپر-دی نیشن