اصلاحات کے بعدٹیکسیشن نظام کو نئے سرے سے کھڑا کرنا ہوگا: پاکستان ٹیکس
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین نے کہا ہے کہ گوشواروں کی تعداد میں اضافے اور ابتدائی ٹیکس اہداف پورے ہونے پر چیئرمین ایف بی آر مبارکباد کے مستحق ہیں تاہم آبادی کے تناسب سے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے اور ٹیکسیشن نظام کے سقم دور کرنے کیلئے بہت کام ہونا باقی ہے۔ جامع اور موثر اصلاحات کے بعد ٹیکسیشن کے نظام کی پوری عمارت کو نئے سرے سے کھڑا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپیل ہے کہ اس تجویز کو مان لیا جائے کہ ٹیکسز کی شرح اور تعداد کم کی جائے ،چیلنج ہے کہ کسی ایک شہر میں اسے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کر کے نتائج دیکھ لئے جائیں۔ دعویٰ ہے کہ ایف بی آر اسے پورے ملک میں نافذ کرنے پر مجبور ہو جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ 22 کروڑ ملک میں جتنے لوگ ٹیکس دے رہے ہیں ان پرمزید بوجھ نہ ڈالا جائے بلکہ نئے ٹیکس گزاروں کو تلاش کیا جائے۔ اداروں میں کوارڈی نیشن ہونی چاہیے جس سے ڈیٹا میسر ہو ،خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے شنوائی کا بہترین نظام ہونا چاہیے اور لوگوں کوعزت و احترام دیا جائے تاکہ لوگ از خود ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔