ڈاکٹر عبدالکریم، سعودی سفیر کی ملاقات، سعودیہ کی امہ کیلئے خدمات قابل قدر ہیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد کی مسلم امہ کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ اس وقت خطبہ حج دینے والے ڈاکٹر عبدالکریم العیسی ہمارے درمیان موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے دوست ممالک اور مسلم ورلڈ لیگ کے امدادی سامان بھیجنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے جنرل سیکرٹری مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسی، علامہ طاہر اشرفی اور گروپ لیڈر آپٹماگوہر اعجاز کے ہمراہ سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان بھجوانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی لیے دس ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان میں تقریباً پانچ ہزار گھروں کے لیے راشن بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی نہ صرف معاشرے بلکہ حکومت کیلئے بھی امتحان ہے۔گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اپنے مصیبت میں گھرے سیلاب زدگان بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے۔