سیلاب سندھ میں مزید 9جاںبحق ، پاک فوج نے مچھر مارکیمکل فراہم کردیا ،ملالہ کا دورہ دادو
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) سیلاب اپنے پیچھے تباہی چھوڑ گیا۔ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد ایک ہزار717 تک پہنچ گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار717ہو گئی ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں مچھروں کی یلغار کے پیش نظر سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے پاک فوج سے 'حیاتیاتی مچھرمار کیمیکل حاصل کر لیا ہے۔ وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق موسکل نامی مچھرکش کیمیکل پاک فوج کی ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن (ڈیسٹو) نے تیار کیا ہے۔ حکام کا بتانا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے پاک فوج کے ذیلی ادارے ’’ڈیسٹو‘‘ سے کئی ٹن موسکل کیمیکل خرید لیا ہے۔ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے دادو پہنچ گئیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا نے بتایا کہ ملالہ یوسف زئی نے جوہی کے علاقے چھنڈن میں ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گھل مل گئیں۔ متاثرہ خواتین نے ملالہ کو کیمپ میں خوش آمدید کہا، ملالہ نے کیمپ میں خواتین سے ان کے مسائل سنے اور انہیں حوصلہ دیا، انہوں نے متاثرہ خواتین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس مشکل وقت کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں، آپ بہادر خواتین ہیں۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے امریکی کمپنیوں اور فلاحی اداروں کی جانب سے عطیات کی فراہمی، سٹیزن فاؤنڈیشن یو ایس اے کی جانب سے 2.5 ملین ڈالر امدادی سرگرمیوں کیلئے اکٹھے کیے گئے یہ رقم خوراک کی فراہمی، 9,000 خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو اور سکولوں کی بحالی پر خرچ ہوگی جبکہ بنک آف امریکہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے لیے 3 لاکھ ڈالرز کا عطیہ بھی دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف امریکی کارپوریشنز، ملٹی نیشنل آرگنائزیشنز، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدرگان کی مدد کے لئے عطیات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سٹیزن فاؤنڈیشن یو ایس اے کے زیر اہتمام واشنگٹن میں 13 ویں سالانہ گالا کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پا کستانی سفیر مسعود خان تھے۔ تقریب میں 500 سے زائد ممتاز پاکستانی امریکیوں اور مخیر حضرات نے شرکت کی جس میں سیلاب کی امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے تقریباً 2.5 ملین ڈالر اکھٹے کیے گئے۔ تقریب کے دوران جمع کی گئی رقم سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ریلیف کیلئے فراہم کی جائے گی جس میں 50 لاکھ کھانوں کی فراہمی، 9000 خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو اور سیلاب سے تباہ ہونے والے سکولوں کی بحالی شامل ہے۔ علاوہ ازیں صدر بنک آف امریکہ چیریٹیبل فاؤنڈیشن ایبونی تھامس نے پاکستانی سفیر مسعود خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے جواب میں کہا ہے کہ بنک آف امریکہ کی خیراتی فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لیے 3 لاکھ ڈالرز ڈالر کا عطیہ فراہم کیا گیا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ بحالی اور تعمیرنو کے مرحلے میں ہم آپ کی حمایت پربھروسہ کرتے رہیں گے۔ امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے جو مثبت ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری دوستی اور قریبی تعاون کا عکاس ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ بچوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق 12 ہزار سکولوں کی عمارتیں سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں۔ سیلاب کے باعث 20 لاکھ بچوں کی تعلیم کا نقصان ہوا۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ دادو کے خیمہ بستی میں قائم سکول میں گئی تھی۔ سکول میں بچیوں کا تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کا بچوں سے ملنا تعلیم کے حصول کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملالہ کے تعلیم کے فروغ کے جذبے کو سراہا۔