ذہنی صحت کا عالمی دن، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں تقریب
لاہور ( نیوز رپورٹر) شعبہ نفسیات لاہورکالج برائے خواتین یونیورسٹی میں ذہنی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر لاہور کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر بشری مرزا، سربراہ شعبہ نیورالوجی کے ای ایم یو پروفیسر احسن نعمان، پروفیسر سکائٹری کے ای ایم یو پروفیسر علی مدیحی ہاشمی اور چئیر پرسن شعبہ نفسیات پروفیسر آمنہ معظم موجود تھے۔ایک روزہ ذہنی صحت کی آگاہی کی تقریب میں تمام طالبات، فیکلٹی اور سٹاف کی جانب سے بھر پور شرکت کی گئی۔تقریب کا آغاز ذہنی صحت سے متعلق آگاہی واک سے کیا گیاجس کی سربراہی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کی۔ واک میں ڈین ، ڈائریکٹر زاور سینیئر اساتذہ نے شرکت کی۔ کیمپس میں اچھی ذہنی صحت کے عنوان پر پوسٹر مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف یونیورسٹیز کے طالبات نے اپنے پوسٹر بناکے شمولیت اختیار کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے سامعین سے معیار کی ترتیب اور ذہنی صحت کی دیکھ بھال میں بہتری کو فروغ دینے کے بارے میں بات چیت کی ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات اور اصولوں کو اپنا کر اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کو بہتر اور خوشگوار کیا جاسکتا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے تحقیق اور تعلیم کے ذریعے ذہنی صحت کی بہتری کے بارے میں روشنی ڈالی۔