خانہ فرہنگ ایران میں ”اتحاد بین المسلمین، قرآن کی نگاہ میں“میلاد کانفرنس
لاہور( نیوز رپورٹر )جشن ولادت باسعادت خاتم المرسلین حضرت محمد کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران نے 12 تا 17 ربیع الاول کو”ہفتہ وحدت مذاہب اسلامی“کا نام دیا ہے اور اس مناسبت سے خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیر اہتمام ”اتحاد بین المسلمین، قرآن کی نگاہ میں“کے عنوان سے میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،علامہ افضل حیدری، پیر سید حبیب عرفانی، سید علی رضانقوی، مفتی شاہد، انجینئر رفیق انجم، علامہ اعجاز حیدری، علامہ حسین گولڑوی، ڈاکٹر سکینہ مہدوی، علامہ پرویز اکبر ساقی نے حضور اکرم کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈی جی خانہ فرہنگ وکلچرل اتاشی قونصلیٹ جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہور جعفر روناس نے کہا کہ قرآن مجید اتحاد کے مسئلے کو سماجی نقطہ نظر سے دیکھتا ہے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیتا ہے، اور مومنین کے دلوں کے درمیان ربط کو امر الہی سمجھتا ہے، اور اس اتحاد کو قائم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے قرآن مجید نے خصوصی طور پر کچھ تجاویز پیش کی ہیں۔قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران لاہورمحمد رضا ناظری نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی ایران حضرت آیت اللہ خمینی ؒنے انقلاب کی کامیابی کے بعد مسلمانوں کی وحدت کو اہم جانا اور 12 سے 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا نام دیا جو مسلمانوں کے اتحاد کا موجب بنا اور دشمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔