اولڈ ایج ہوم فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) اولڈ ایج ہوم فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ نشاندہی کرنے پر خاتون اٹینڈنٹ کو ہراسگی کا نشانہ بنایا جانے لگا۔ متاثرہ خاتون نے قانونی کارروائی کے لیے پولیس سے رجوع کر لیا۔ اولڈ ایج ہوم فیصل آباد کی انتظامیہ کا بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، مرد ملازمین کا زبردستی خواتین کے کمروں میں گھسنا اور بزرگوں سے واش روم صاف کروانا عام بات ہے، بے ضابطگیوں کی نشاندہی پر اولڈ ایج ہوم کے ملازمین نے ساتھی خاتون اٹینڈنٹ کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے، جبکہ متاثرہ خاتون اٹینڈنٹ اولڈ ایج ہوم کرن شہزادی نے ہراسگی کے خلاف تھانہ وومن سے رجوع کر لیا ہے، پولیس کو دی گئی درخواست میں کرن شہزادی نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں نے تین مرد ساتھی ملازمین کو خواتین کے کمروں میں جانے سے روکا۔ جس پر ملازمین شعیب، حسنین اور علی حیدر نے میرے منہ پر تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دی ہیں۔ اس معاملے کی شکایت کرنے پر انچارج اولڈ ایج ہوم نے موبائل فون خاتون کے منہ پر دے مارا۔ کرن شہزادی نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے تحفظ فراہم کیا جائے۔ تھانہ ویمن پولیس نے خاتون کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری شروع کردی ہے تاہم ابھی تک اس کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
اولڈ ایج ہوم