• news

عالمی سطح پر پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف


پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جین پیئروکس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔  اقوام متحدہ کے معززین نے یواین امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیرمعمولی کامیابیوں کا بھی اعتراف کیا۔ دوسری جانب جنرل باجوہ کے دورۂ امریکہ کے بعد امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ   پاکستان میں سویلین حکومت کو ہی مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
پاکستان کی کامیابیوں کا یہ اعتراف پہلی بار نہیں کیا جارہا‘ اس سے قبل عالمی سطح اور خطے میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا جاتا رہا ہے۔ اندرونی دہشت گردی ہو یا بیرونی‘ افغانستان میں امن کا قیام ہو یا افغان سرزمین سے امریکی افواج کا محفوظ انخلاء ‘ بقائے باہمی کے آفاقی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے پاکستان نے ذمہ داری کا عملی ثبوت دیا اور  ہر چیلنج میں سرخرو ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کی ان کامیابیوں کو ستائش کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔  ان کامیابیوں  میں سول اور عسکری قیادتوں کی مثالی ہم آہنگی اور یکجہتی نظر آتی ہے۔ اسی تناظر میں گزشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری نے یواین امن مشن میں پاکستان کی شراکت اور انسداد دہشت گردی میں غیرمعمولی کامیابی کا اعتراف کیا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے دورۂ واشنگٹن کے دوران ملاقات میں امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کیلئے پاکستان کی جمہوری طور پر منتخب حکومت کو ہی مرکزی حیثیت قرار دیا ہے۔  پاکستان نے بلا شبہ دہشت گردی کیخلاف نمایاں کامیابیاں افواج پاکستان کی امن کیلئے کمٹمنٹ اور بے بہا جانی قربانیوں کے عوض حاصل کی ہیں۔ آج امریکہ خوش دلی سے خطے کے امن میں پاکستان کے کردار اور اسکی منتخب سول حکومت کی حیثیت کو تسلیم کر رہا تو یہ پاک امریکہ تعلقات کی بہتری کی جانب پیش رفت ہے۔ اس کیلئے یقیناً آرمی چیف جنرل باجوہ نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔   

ای پیپر-دی نیشن