کامونکی میں 2مقامات پر پولیس مقابلے 4زیر حراست ڈاکو ہلاک
کامونکی+گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پولیس کی زیرحراست چار ڈاکو پولیس مقابلوں میں ہلاک ہوگئے۔ ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔ بتایا گیا ہے کہ صدر پولیس قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزمان افتخار، ریاض، عارف اور ذوالفقار کو گزشتہ رات برآمدگی کیلئے لیکر جا رہی تھی کہ نواحی گاؤں دراجکے کے قریب موٹرسائیکلوں پر سوار چھ نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے دو ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ بعد ازاں ایمن آباد کے علاقہ پورن پور پلی پر فرار ہونے والے ملزموں کا دوبارہ سے پولیس سے سامنا ہوگیا جنہوں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کردی جس سے پولیس کی زیر حراست مزید دو ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان عرصہ دراز سے قتل، ڈکیتی کے دوران زیادتی جیسی وارداتیں کر رہے تھے اور ان ڈاکوؤں کی خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج تھے۔ دراجکے کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار ملزموں نے پو لیس اہلکاروں پر مبینہ فائرنگ کردی اور اپنے ساتھیوں کو پولیس کی حراست سے چھڑوا کر فرار ہو گئے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر کی ناکہ بندی اور ان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ تعاقب کے دوران پولیس کو دو ملزمان افتخار اور ریاض زخمی حالت میں راستے میں پڑے ملے جنہیں ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی مگر وہ دم توڑ گئے جبکہ دیگر فرار ملزمان کا پورن پور پلی ایمن آباد کے قریب ناکہ بندی پر دوبارہ پو لیس سے سامنا ہو گیا تو انہوں نے پو لیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر دی ، تاہم فائرنگ رکنے کے بعد پو لیس نے آگے بڑھ کر دیکھا تو عارف اور ذوالفقار بھی اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہو گئے تھے اور حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوجانے میں کامیاب ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ڈاکوئوں کی نعشوں کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب پولیس نے مقدمات درج کر کے فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ لوگوں کے گھروں میں ننگے پائوں اور گلابی رنگ کے دستانے پہن کر داخل ہوتے تھے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم 70 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ان ملزمان پر دوران واردات دو افراد کو قتل کرنے کا بھی الزام تھا۔
4 ڈاکو ہلاک