• news

عمران سکون چھیننے سڑکوں پر نکل پڑے، قوم تسلیم نہیں کر رہی: شاہد خاقان عباسی 

شیخوپورہ+ شرقپور شریف (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قوم کو اسلامی ٹچ دیکر ہمدردیاں حاصل کرنے والوں کو مسلم لیگ (ن) بھاگنے نہیں دے گی۔ ریاست مدینہ کی بات کر کے خود اس کے برعکس کام کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ الحمد للہ پاکستان کے عوام سابق وزیراعظم نواز شریف کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز شرقپور شریف میں تحریک انصاف کا جلسہ نہیں جلسی تھی اور آج مڈل سکول گرائونڈ میں حلقہ پی پی 139 کے عوام کے ٹھاٹھے مارتے ہوئے سمندر نے 16 اکتوبر سے پہلے ہی فیصلہ دے دیا ہے کہ نواز شریف، میاں شہباز شریف عوام کے دلوںکی دھڑکن ہیں اور ’’شیر‘‘ ضرور دھاڑے گا۔ عمران نیازی چار سال میں کوئی ایک کام بتا دو جو عوام کے لیے کیا ہو، جمہوریت کی مضبوطی، سیاسی اصلاحات کی باتیں کرنے والوں نے عوامی مینڈیٹ سے دھوکہ کیا اور وہ اسمبلی سے بھگوڑے ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور شریف میں حلقہ پی پی 139 کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین ، امیدوار حلقہ پی پی 139 حاجی افتخار احمد بھنگو، ارکان صوبائی اسمبلی سردار عرفان ڈوگر، پیر اشرف رسول، میاں عبدالرئوف، محمود الحق شاہین، سجاد حیدر گجر، ضلعی صدر محمد عارف خان سندھیلہ، سابق رکن اسمبلی چودھری فیضان خالد ورک، حسان ریاض، حاجی محمد نواز، سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر، حلقہ پی پی 139 کے کنوینر چودھری شہباز چھینہ، چودھری اعظم ریاض گجر، بلال افتخار بھنگو سمیت پارٹی عہدیدار، کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا جیسے ہی آئینی طریقے سے انہیں اقتدار سے الگ کیا گیا تو سڑکوں پر عوام کا سکون چھیننے نکل پڑے ہیں۔ افراتفری کی سیاست عمران خان کا ٹریڈ مارک بن چکا ہے جسے قوم تسلیم نہیںکر رہی۔
شاہد خاقان عباسی 

ای پیپر-دی نیشن