سرحدوں کی حفاظت: پٹرولنگ جہاز بحریہ کی صلاحیتوں کو مستحکم کرینگے: ایڈمرل امجد نیازی
اسلام آباد (آئی این پی) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے میری ٹائم ڈومین میں آف شور پٹرول جہازوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جہاز بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کریں گے اور بحر ہند کے علاقے میں پاک بحریہ کے آزادانہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام میں مددگار ثابت ہوں گے، پاک بحریہ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی برادری کو بھی محفوظ سمندری ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار کامیابی سے ادا کر رہی ہے۔ گزشتہ روز پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے پہلے اور دوسرے آف شور پٹرول جہازوں (OPV-II) کی سٹیل کٹنگ اور تعمیر کے آغاز کی مشترکہ تقریب ڈیمن شپ یارڈ گلاٹی، رومانیہ میں ہوئی۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ یہ جہاز کثیر المقاصد ہیں جو جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ، اینٹی ایئر ہتھیاروں/ سینسرز کے ساتھ ساتھ جدید سیلف پروٹیکشن اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم سے لیس ہیں۔
امجد نیازی