فرانس میں پٹرول بحران میں شدیداضافہ، پمپس پر عوام گتھم گتھا
پیرس(این این آئی) فرانس میں آئل ریفائنریز کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث پٹرول کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانس کی سات میں سے چھ آئل ریفائنریز کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث ملک بھر میں پٹرول کا بحران شدید ہوگیا ہے۔مختلف شہروں میں پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگی ہیں۔ پٹرول کے حصول کے لئے لوگ ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ ملک بھر میں پٹرول کی قلت شدید ہوگئی ہے۔فرانسیسی حکومت نے ہڑتالی ملازمین کو فوری طور پر کام پر واپس پہنچنے کا حکم دیا ہے۔ آئل ریفائنریز کے ملازمین نے حکومت سے تنخواہوں میں اضافے اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔آئل ریفائنریز ملازمین کی یونین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث اخراجات کا بوجھ اٹھانا مشکل ہوگیا ہے۔ آئل ریفائنریز اپنے منافع میں سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں اوردیگر سہولیات بھی فراہم کریں۔فرانس کی حکومت نے ملازمت پر نہ پہنچنے والے ملازمین کو جرمانے اور قید کی سزا دینے کی دھمکی دی ہے۔
فرانس پٹرول بحران