اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں عظیم الشان جامع مسجد کا سنگ بنیاد
ارشاداحمد ارشد
مساجدعبادات وبندگی کا محورہیں ،ذکروتلاوت کا منبع ہیں ،مومنوں کے دلی وروحانی سکون اور ایمان کو تقویت وحلاوت عطاکرنے والے مراکزہیں۔مساجد کے ساتھ تعلق ومحبت ایمان کی علامت ہے۔ چنانچہ فرمان رسول مقبولؐہے :جس شخص کو تم مسجدکی طرف آتے جاتے دیکھواس کے مؤمن ہونے کی گواہی دو؛۔ مساجدکی تعمیر کی بھی بے حد فضیلت ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے : مساجد کی تعمیر صرف وہ لوگ کرتے ہیں جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتے ہیں۔ مساجد تعمیر کرنے اور انھیں آباد کرنے والے اللہ کے مقرب اور خاص بندے ہیں ۔
مسلمان انفرادی سطح پر بھی مساجد تعمیر کرتے ہیں اوراجتماعی طور پر بھی مساجد تعمیر کرتے ہیں ۔اس وقت اسلامی دنیا میں مساجد کی تعمیر اور آباد کاری کے معاملے میں مملکت سعودی عرب کے فیض یافتہ افراد سر فہرست ہیں ۔
’’اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ‘‘ کاشمار پاکستان کی اہم جامعات میں ہوتا ہے ۔یوں تو اس جامعہ کی بہت سی خصوصیات قابل ذکر ہیں لیکن اس کی ایک خوبی جو اسے پاکستان کی دیگر تمام جامعات سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ اس کی بنیادریاست بہالپور کے مسلمان حکمرانوں نے اسلامی نقطہ نظر سے رکھی تھی۔اس کی ابتدا ’’مدرسہ صدر علومِ دینیات ‘‘ کے نام سے کی گئی ۔ بعد ازاں 1925ء اس کانام جامعہ عباسیہ رکھا گیا ۔ریاست بہالپور کے نواب اسے جامعہ الازہر مصر کے پائے کاایک عملی ادارہ بنانا چاہتے تھے ۔ 1950ء میں والئی ریاست صادق محمد خان عباسی پنجم کے حکم پر صادق ایجرٹن کالج سے متصل ایک عظیم الشان عمارت تعمیر کی گئی اس طرح سے جامعہ عباسیہ کا مرکزی کیمپس وجود میں آیاجو اس یونیورسٹی کی پہچان ہے۔ 1963ء میںصدرِ پاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان نے جامعہ عباسیہ کا دورہ کیا اور اسے جامعہ اسلامیہ کے نام سے موسوم کیا۔اب اس یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب ہیں جوبیرون ممالک کی یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہیں جو ماہرِ تعلیم اور مثالی منتظم کے طور پر پہچانے جاتے ہیں ۔ تعلیمی خدمات کے عوض وہ تمغہ امتیاز بھی حاصل کرچکے ہیں ۔ڈاکٹر اطہر اس بات کیلئے بھی کوشاں رہتے ہیں کہ یونیورسٹی کو اسم بامسمٰی بنایا جائے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی کی حدود اور کیمپس میں زیادہ سے زیادہ مساجد بنائی جائیں ۔ چنانچہ بارش کے پہلے قطرے کے طور پر گذشتہ دنوں یونیورسٹی کے عباسیہ کیمپس ایگزام برانچ میں ڈاکٹر اطہر محبوب اور سعودی سفارت خانہ کے اسلامی شعبہ المحق الدینی کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشیداظہر ڈائریکٹر پاکستان اسلامک کونسل وایڈیشنل ڈائریکٹر انٹرنیشنل لنکجز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورنے ’’ جامع مسجد امام ابن کثیر رحمۃ اللہ علیہ ‘‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشید اظہر پاکستان کی معروف علمی وسماجی شخصیت ہیں ، علمی حلقوں میں انھیں نہایت احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ۔اس مسجد کی تعمیر ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر ہی خواب ہے جس کو تعبیر دے دی گئی ہے ۔
مسجد کے سنگ بنیاد کی پروقار اور ایمان افروز تقریب میں بڑی تعداد میں اہل علم اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین جن میں سابق وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرسیلم طارق خان، سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد افضل، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر،صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اے آر اورنگزیب،وائس پریزیڈنٹ بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری منصور احمد، ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد حسین طاہر، چیئرپرسن شعبہ عربی پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد قریشی،کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر سجاد پراچہ، خزانہ دارپروفیسر ڈاکٹر ابوبکر، ڈائریکٹر آئی ٹی رضوان مجید، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس اے قریشی، ڈائریکٹر انفارمیشن بہاول پور ڈاکٹرناصر حمید، نصیر احمد ناصر،جنرل سیکریٹری بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبیر حیدر،ایگزیکٹو ممبران ملک اعجاز ناظم،عمر فاروق ، ایڈیشنل کنٹرولرز امتحانات محمد عرفان غازی اور غلام محمد، انجینئر حافظ عبدالخالق رامے سمیت دیگر مہمانان گرامی نے بھی شرکت کی ۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں عظیم الشان مسجد کا سنگ بنیاد
وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر محبوب ،ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر اور اہل علم کی تقریب میں شرکت