بھارت میں سینکڑوں ہندوؤں کا مسجد پر دھاوا ، مسلمانوں کوجان سے مارنے کی دھمکیاں
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں سیکڑوں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد پر دھاوا بولا گیا اور مسلمانوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد پر حملے کا واقعہ گروگرم شہر میں پیش آیا جہاں 200 کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے نماز کی ادائیگی کے دوران ہلہ بولا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روز قبل پیش آنے والے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ درج ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مسلمان گروگرم شہر کی مسجد میں عشاء کی نماز ادا کر رہے تھے کہ اچانک 200 کے قریب ہندو انتہا پسندوں نے حملہ کر دیا اور نماز ادا کرنے والے مسلمانوں کو مارا پیٹا، مسجد کے ہال کو تالا لگا کر انہیں جان سے مارنے اور گاؤں سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ہندو انتہا پسندوں نے عشاء کی نماز کے دوران مسجد کے ہال کو تالا لگا دیا۔ ہندو انتہا پسندوں نے فجر میں بھی مسجد پر حملہ کیا تھا اور نمازیوں کو مسجد میں آنے سے منع کیا تھا۔ مسلمانوں کی شکایت کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تاہم رات گئے مسلمانوں کے شدید احتجاج پر شکایت درج کر لی گئی۔