خاران‘ مسجد میں نماز کے دوران حملہ‘ سابق چیف جسٹس بلوچستان نور مسکانزئی جاں بحق
اسلام آباد+ کوئٹہ (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) خاران میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جاں بحق ہوگئے۔ ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نذیر کرد نے بتایا کہ خاران میں نامعلوم افراد نے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس (ر) نور مسکانزئی پر اس وقت فائرنگ کردی جب وہ مسجد میں نماز عشاء ادا کر رہے تھے جس سے وہ اور ان کا ساتھی زخمی ہوگئے جنہیں مقامی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کرنے کی تیاری کی جارہی تھی کہ وہ جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نور محمد مکانزئی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حکومت قتل میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرے اور ذمہ داروں کو کیفر تک پہنچایا جائے۔