آئی ایم ایف نے تعاون کی یقین دہانی کرادی ، نومبر میںجائزہ مشن پاکستان بھیجے گا ، اعلامیہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف نے پاکستان کو تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آئی ایم ایف اپنے پروگرام کے اگلے جائزہ کیلئے مشن نومبر میں پاکستان بھیجے گا۔ وزارت خزانہ نے وزیر خزانہ کے دورہ امریکہ کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف کی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان میں آنے والے سیلاب سے ہونے والے غیر معمولی نقصانات سے آئی ایم ایف عہدیدار کو آگاہ کیا، اسحاق ڈار نے معیشت کو مستحکم، پائیدار اور بحالی کے لیے حکومتی اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی گئی اور مستقبل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اسحاق ڈار نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا رائسر سے بھی ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ نے پاکستان کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نائب صدر عالمی بنک کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ معاشی مشکلات پر قابو پانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بنک کئی دہائیوں سے قابل اعتماد شراکت دار رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے ڈوئچے بینک اور جے پی مورگن کی قیادت کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستانی معیشت کے استحکام اور سیلاب متاثرین کے ریلیف میں حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ کی قیادت میں وفد نے ریٹنگ ایجنسیوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وفد نے سالانہ اجلاسوں میں منعقدہ کئی تقریبات میں شرکت کی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پاکستان کو اضافی 10 ملین پاؤنڈ دے گا جس کے بعد برطانیہ کی مجموعی امداد 26.5 ملین پاؤنڈ تک پہنچ جائے گی۔ دریں اثناء آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہد آزور نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت خطے کے ممالک سماجی تحفظ پر جی دی پی کا دو فی صد خرچ کرتے ہیں جبکہ بعض معاملات میں یہ ممالک اس سے دوگنا پیسہ سبسڈیز پر خرچ کر دیتے ہیں ،پاکستان سمیت تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ ہدف کے بغیر سبسڈیز کی بجائے صرف ضرورت مندوں پر خرچ کریں کیونکہ ہدف کے بنا سبسڈیز پیسے کا زیاں ہے ، ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے کہا کہ عالمی بینک اور یو این ڈی پی کے سیلاب سے نقصانات پر حتمی تخمینے کا انتظار ہے، نقصانات پر حتمی تخمینے کے بعد آئی ایم ایف اپنے اہداف کا جائزہ لے گا اورحتمی تخمینوں کے بعد پاکستانی حکام کو سن کر امدادی اقدامات کا فیصلہ کریں گے۔