برطانوی وزیر کی ملاقات ، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ ملکر کریں گے ، بلاول : برطانیہ مزید 10 ملین پاؤنڈ دے گا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا و دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد کی ملاقات کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی موجود تھے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد کے درمیان ہونے والی ملا قات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس مو قع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو لارڈ طارق احمد نے برطانوی حکومت کی جانب سے اضافی 10 ملین پاؤنڈ کی امداد سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی اضافی امداد سمیت مجموعی طور پر 26 ملین پاؤنڈ سے زائد امداد پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان اور برطانیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط میں مزید اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ ہمارے تعاون سے ملک بھر میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ سے نمٹنے، صاف پانی تک رسائی، صفائی، طبی دیکھ بھال اور پناہ گاہوں کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ ہم برطانیہ کی امداد کی سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اور اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دن رات کام کر رہے ہیں۔ زندگی بچانے کی فوری ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ، برطانیہ پاکستان کی معاشی بحالی اور مستقبل میں موسمیاتی آفات کی پیش بینی اور منصوبہ بندی میں مدد کر رہا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے لیے برطانیہ کا نیا تجارتی منصوبہ پاکستان سے برطانیہ کو برآمد ہونے والی 94 فیصد اشیاء کو ڈیوٹی فری قرار دے کر تجارت کو بڑھانے میں مدد دے گا۔ سیلاب کے بارے میں گفتگو کے ساتھ ساتھ، وزیر مملکت اس دورے کو روس کی طرف سے خودمختار علاقے کے غیر قانونی الحاق کے بعد یوکرائن کے لیے مضبوط بین الاقوامی حمایت کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے بھی استعمال کریں گے۔