اسلام انسانی نعش کو میدان جنگ میں بھی بے توقیر کی اجازت نہیںدیتا:خرم نواز گنڈاپور
لاہور(خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے ملتان میں انسانی نعشوں کی بے حرمتی کے واقعہ کی سخت ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام اور آئین پاکستان میں انسانی نعش کی بے حرمتی جرم ہے،کسی انسانی نعش کو میدان جنگ میں بھی بے توقیر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ملتان نشتر ہسپتال میں نعشوں کی بے حرمتی کے واقعہ سے اسلامی تعلیمات اور پاکستان کے اسلامی جمہوری تشخص کو نقصان پہنچا۔پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سارے معاملہ کی جوڈیشل انکوائری کروائے تاکہ معلوم ہو سکے اس سارے واقعہ کے پس پردہ حقائق کیا ہیں۔اس امر کی تفتیش بھی ضروری ہے کہ یہ بے گوروکفن نعشیں کن کی ہیں اور یہاں تک کیسے پہنچیں؟ انہوں نے کہاکہ اس بات کی تفتیش بھی ہونی چاہیے کہیں یہ انسانی اعضا کی خرید و فروخت میں ملوث مافیا تو اس کے پیچھے نہیں؟ جرم کے مرتکب افراد کو فوری سزائیں دے کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔