کامیاب بین الاقوامی تصاویری نمائش اختتام پذیر ،پی اے پی جے کی ستائش
کراچی( کامرس رپورٹر )پاکستان ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹس، پی اے پی جے کے زیر اہتمام جاپان کی بین الاقوامی تصاویری نمائش گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئی ہے۔ پی اے پی جے نے 6 سے 13 اکتوبر 2022ء تک اس شاندار تصاویری نمائش کا انعقاد جاپان پروفیشنل فوٹوگرافک سوسائٹی، جاپان کے کثیرالاشاعت روزنامہ آساہی شمبن اور کراچی میں جاپان کے قونصل خانہ کے اشتراک سے کیا تھا۔ گزشتہ روز اس تصاویری نمائش کی اختتامی تقریب میں رضاکاروں اور ان دیگر افراد کو ستائشی اسناد دی گئیں جنہوں نے اس نمائش کے انعقاد میں پی اے پی جے کے ساتھ تعاون کیا اور مدد فراہم کی تھی۔ کراچی میں جاپان کے قونصل خانہ کے ڈپٹی قونصل جنرل آشیدا کاتسونوری ، پی اے پی جے کے سینئر رکن عدیل خان، جاپان سے آئے ہوئے فوٹوجرنلسٹ ساکوما یاسواو، عظمت اتاکا، پی اے پی جے کے سینئر ارکان فیصل مجیب، محمد ارشد، جاپان میں پی اے پی جے کے نمائندہ سینئر فوٹو جرنلسٹ محمد زبیر اور دیگر شخصیات نے رضاکاروں کو ستائشی اسناد دیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کراچی میں جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل آشیدا کاتسْونوری نے بین الاقوامی تصاویری نمائش ’’کلر ز آف دی ورلڈ ‘‘ کے کامیاب انعقاد پر پی اے پی جے کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ طلباء و طالبات سمیت ایک بڑی تعدا د میں لوگ اس تصاویر نمائش کو دیکھنے کیلئے جاپان قونصل خانہ آئے۔ پی اے پی جے کے بانی اور پاکستان کے نامور فوٹو جرنلسٹ سر زاہد حسین نے تصاویری نمائش کی اختتامی تقریب کیلئے اپنے پیغام میں کہا کہ پی اے پی جے نے پاکستان اور جاپان کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ملکوں کے فوٹو جرنلسٹس کے باہمی اشتراک کو تقویت دینے میں گزشتہ پندرہ سالوں سے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔زاہد حسین نے تصاویری نمائش کے شاندار انعقاد پر پی اے پی جے کے سینئر اراکین عدیل خان، ممتاز فوٹو جرنلسٹ جہانگیر خان، جاپان میں تنظیم کے نمائندے فوٹو/وڈیو جرنلسٹ محمد زبیر، سینئر رکن محمد ارشد، سینئر فوٹو جرنلسٹ فیصل مجیب اور دیگر کی خدمات اور کاوشوں کو خراجِ پیش کیا۔این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ آرکیٹیکچر کے رضاکاروں کو کراچی میں جاپانی قونصلیٹ میں PAPJ بین الاقوامی تصویری نمائش کے انعقاد میں تعاون فراہم کرنے پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔