• news

معاشی پالیسیوں کی نگرانی کیلئے با اختیار کونسل قائم کی جائے: پروفیشنل ریسرچ فورم


لاہور(کامرس رپورٹر)پروفیشنل ریسرچ فورم کے چیئرمین سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ معاشی سمت کا تعین کئے بغیر ہم کبھی بھی منزل حاصل نہیں کر سکتے۔ معاشی پالیسیوں کی نگرانی کیلئے سرکاری اور نجی شعبے اقتصادی ماہرین کی با اختیار کونسل قائم کی جائے ۔ اپنے بیان میں سید حسن علی قادری نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے ریسرچ کا شعبہ قائم ہونا چاہیے جو معاشی اصلاحات کے حوالے سے رہنمائی کرے۔ خاص کر برآمدات کے فروغ کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے ہاں ڈالر کے اتار چڑھائو سے ہماری پو ری معیشت کی نبض ڈوبنا شروع ہو جاتی ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو سیاست سے مکمل الگ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ہاں سیاسی عدم استحکام کے معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ اس کیلئے ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے ملک میں کسی کی بھی حکومت آئے لیکن معاشی پالیسیوں پر کسی طرح کے منفی اثرات مرتب نہ ہوں ۔ سید حسن علی قادری نے کہا کہ مختلف ممالک اپنی معیشتوں کی ترقی کیلئے نئے راستے تلاش کر رہے ہیںجبکہ بد قسمتی سے ہماری روایتی شعبوں پر بھی گرفت کمزور ہو رہی ہے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن