• news

عمران کا مقدمہ لڑنے پر اعتزاز برداشت نہیں، پارٹی رکنیت ختم کی جائے: پی پی رہنما 


لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میں بیٹھ کر عمران کا مقدمہ لڑنے والے اعتزار احسن کو برداشت نہیں کریں گے۔ پارٹی کے نام کو بٹہ لگانے والے کردار کو گھر تک پہنچائیں گے۔ پیپلز پارٹی کی پلیٹ میں چھید کرنے والے کے خلاف پارٹی کارکنوں میں شدید غم و غصہ ہے۔ اتوار کے روز اعتزاز کے گھر کا گھیراؤ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گلبرگ میں حاجی عزیز الرحمن چن کی رہائش گاہ پر پارٹی اجلاس کے بعد ثمینہ گھرکی، رانا جواد، فیصل میر، اورنگزیب برکی، افنان بٹ اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیںاجلاس میں حاجی شعیب زونل صدر پی پی 163 اور زونل صدر پی پی 158نصیر خان نے سفارش کی ہے کہ اعتزاز احسن کی بنیادی رکنیت ختم کی جائے جبکہ فیصل میر نے اجلاس میں منظور کردہ متفقہ قرارداد پڑھ کر سنائی۔ جس میں پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کا یہ اجلاس چوہدری اعتزاز احسن کی طرف عمران خان کے طرز سیاست کی مسلسل حمایت کرنے اور پیپلز پارٹی پالیسیوں کی مخالفت کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتا ہے۔ یہ اجلاس پیپلز پارٹی پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید کی موجودگی میں پیپلز پارٹی پنجاب کی تنظیم سے مطالبہ کرتا ہے کہ اعتزاز احسن کی طرف سے پارٹی کے خلاف ماضی میں کی گئی سازشوں اور موجودہ حالات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے نتیجے میں زون 163 لاہور اور زون 158 لاہور کے صدور کی جانب سے چوہدری اعتزاز احسن کی بنیادی پارٹی رکنیت کی معطلی کے نوٹیفکیشن کو منظور کرے۔ پریس کانفرنس میں رانا فاروق نے کہا کہ کارکنوں کی پاس کردہ متفقہ قرارداد اپنی سفارش کے ساتھ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو بھیجیں گے۔ اعتزاز احسن کو فوری طور پر سینٹرل ایگزیکٹو اور پارٹی سے نکالنے کی متفقہ قرارداد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھیج رہے ہیں اور اتوار کے روز اعتزاز کے گھر کا گھیراؤ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری اسلام آباد میں مصروف ہیں جبکہ لاہور کے صدر اسلم گل ڈینگی کے باعث شرکت نہیں کر سکے تاہم وسطی پنجاب کی تمام قیادت  ہمارے ساتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن