عدالتوں اور احتساب اداروں کو غیر مؤثر کرنے سے بہتر انہیں تالے لگا دیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ریاست کے بنیادی ستونوں کو دیمک لگ چکا ہے۔ عدالتوںاور احتساب کے اداروں کو غیر مو ثر کرنا ہے تو انہیں تالے ہی لگا دیے جائیں تاکہ ان پر قومی خزانے سے ہونے والے اخراجات بچ سکیں۔ وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے جہاں فیصلے افراد کے چہرے دیکھ کر ہوں۔ حضور پاک نے جو نظام دیا وہاں کوئی شخص احتساب سے بالاتر نہیں تھا۔ نبی مہربان نے خود اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کیا، مگر اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں قانون کی حکمرانی کا تصور تک نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سیرت رحمۃ للعلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عالمی محفل حسن قرا ت بھی منعقد ہوئی جس میں دنیا بھر کے نامور قراء حضرات نے شرکت کی۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، چیئرمین علماء و مشائخ رابطہ کونسل خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، صدر علماء و مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہداور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ہم کرپشن، سودی نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ دین بیزار قوانین قوم کو قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور پاک انسانیت کی معراج ہیں اور ہر مسلمان پر فرض ہے کہ ان کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرے۔