مریم نواز پھر ضمنی انتخابات میں شکست کی ہزیمت سے بچنے کے لیے لندن گئیں‘ عمر سرفراز چیمہQ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ )مشیرِ داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے خود کو جمہوری اقدار کی دعویدار اور عوامی جماعتیں کہلانے والی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں عمران خان کا سامنا کرنے سے گھبرا رہی ہیں، اورتیسری بار بلدیاتی اور ضمنی انتخاب رکوانے کیلئے الیکشن کمیشن پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا مریم نواز ایک بار پھر ضمنی انتخابات میں شکست کی ہزیمت سے بچنے کے لیے لندن چلی گئیں۔ پی ڈی ایم قیادت کو مرحلہ وار ملتے ریلیف سے حکومت تبدیلی کی مبینہ سازش کی پہیلی سلجھتی جا رہی ہے۔ مہنگائی کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوے کر کے اقتدار میں آنے والی وفاقی حکومت کی کارکردگی عوام اپنے بلوں میں دیکھ سکتی ہے۔