• news
  • image

لاہور قلندر ویمن کرکٹ ٹیم بہتری کیلئے میدان میں


ویمن کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور لاہور قلندر میں ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں، مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود تھے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ سابق فاسٹ بائولر عاقب جاوید، سی ای او بنک آف پنجاب ظفر مسعود، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن ودیگر بھی موجود تھے، سی ای او بنک آف پنجاب ظفر مسعود نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود کو سوینئر پیش کیا۔ سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا نے کہا کہ ایم او یو کرنے پر صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا شکرگزار ہوں،لڑکیوں میں بھی لڑکوں جیسا ٹیلنٹ ہے،لڑکوں کی طرح لڑکیوں کو بھی کرکٹ میں آگے لائیں گے، لاہور قلندر نے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف جیسے کھلاڑی تیار کئے ہیں،18اکتوبر کو کنیئرڈ کالج میں ٹرائلز ہونگے،22 کھلاڑی منتخب کریں گے،منتخب ہونیوالی کھلاڑیوں کو ایک سال کا کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ سابق فاسٹ بائولر اور ڈائریکٹر لاہور قلندر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ خواتین میں بہترین ٹیلنٹ ہے مگر ان کو موقع نہیں ملتا،خواتین کو بھی سپورٹس میں مردوں کی طرح موقع ملنا چاہئے،سپورٹس بورڈ پنجاب اور لاہور قلندر کے پلیٹ فارم سے کرکٹ کی اچھی کھلاڑی سامنے لائیں گے۔بنک آف پنجاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر کوئی ملک یا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،بنک آف پنجاب بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی خواتین کو انعامات دیگا، اس اہم کام پر صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود، سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا مشکور ہوں،بنک آف پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کرتا رہے گا۔صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا کہ سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے بہترین کام کررہے ہیں،خواتین کا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے لاہور قلندر سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب اور لاہور قلندر مل کر خواتین کا ٹیلنٹ آگے لائیں گے، کرکٹ کے کھیل میں خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے،خواتین کو آگے بڑھنے کا موقع ملنا ضروری ہے،لاہور قلندر کے تجربے سے فائدہ اٹھاکر خواتین کھلاڑیوں کو تربیت دی جائیگی۔پنجاب بھر میں سپورٹس کی 500سہولیات موجود ہیں جہاں پر سپورٹس کی سرگرمیاں جاری ہیں، نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور لاہور قلندر کرکٹ کی خواتین کھلاڑیوں کو مواقع دیں گے،سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے تعاون کیا ہے، خواتین کھلاڑیوں کو اچھا پلیٹ فارم فراہم کردیا ہے اب وہ اپنا ٹیلنٹ دکھائیں، سپورٹس بورڈ پنجاب اگلے ماہ کرکٹ اکیڈمی بھی لانچ کررہا ہے، پی سی بی سنٹرل پنجاب سے بھی مل کر کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں، پنجاب میں کرکٹ کی 69گراؤنڈز ہیں،اکیڈمی کی برانچز ان تمام گراؤنڈز میں کام کریں گی، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اہم اقدامات اٹھارہا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن