پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار ، بجلی کی قیمت بھی نہ بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد (خبر نگار‘ نمائندہ خصوصی) سیکرٹری توانائی ڈویژن نے کہا ہے کہ نیپرا نے 14اکتوبر 2022کو سال 2021-22کی چوتھی سہہ ماہی (کواٹرلی ایڈجسٹمنٹ)کا فیصلہ دیا ہے۔ حکومت پاکستان نے بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ستمبر کے بجلی کے بلوں میں لگنے والی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو ہی جاری رکھتے ہوئے صارفین کے بجلی کے ریٹ نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے مہینے میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کے بجلی کے ریٹ میں 4.15 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے بھی کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی جا رہی۔ صارفین بجلی کی وہی قیمت ادا کریں گے جو ستمبر میں تھی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کیجانب سے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے ریٹ میں سوا 4 روپے کی کمی کردی گئی ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی قیمت میں کمی کی گئی۔ یہ کمی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔ ستمبر کے بجلی کے بلوں میں لگنے والی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ہی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیپرا نے وضاحت کی ہے کہ ڈسکوز کے مالی سال 2021-22 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیدی گئی ہے۔ ڈسکوز نے نیپرا کوچوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دی تھی اس ٹیرف کی ایڈجسٹمنٹ 4 ماہ تک لاگو رہے گی۔ چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پہلے سے چارج کی جانے والی ایڈجسٹمنٹس کے متبادل چارج کی جائے گی۔ اس منظوری سے صارفین پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔ اس کا اطلاق کیا الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ دوسری طرف حکومت نے 31 اکتوبر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم سے مشورے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔