استنبول میں پاکستانی نمائش کو پسند کیا جا رہا ہے: عدنان خالد بٹ
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا ہے کہ ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والی یوروایشیا پیکیجنگ نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو بہت پسند کیا جارہا ہے، اس نمائش میں پاکستانی وفد کی شرکت نے نہ صرف دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان پیکیجنگ انڈسٹری میں مشترکہ منصوبہ سازی کی راہ ہموار کی ہے بلکہ پاکستان کی برآمدات کے لیے بھی نئے دروازے کھلے ہیں۔ نمائش میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وفد کو نمائش میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور بین الاقوامی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے تاجروں نے پاکستان کے اس شعبہ میں سرمایہ کاری پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے، پاکستانی حکومت کو چاہیے کہ پاکستان کی پیکیجنگ انڈسٹری کے مسائل فوری طور پر حل کرے تاکہ یہ شعبہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے۔ یوروایشیا پیکیجنگ نمائش میں شرکت کرنے والے وفد کے سربراہ عدنان خالد بٹ ہیں .
جبکہ دیگر اراکین میں شیخ عبدالستار، رانا جہانزیب، میاں جاوید وارث، عمران بٹ ، خواجہ طارق، یاسر اقبال، سرمت عابد، اویس احمد، ایاز خان ، مبشر علی شامل ہیں۔