• news

برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے  لاہور چیمبر میں ایکسپورٹ کاﺅنٹر قائم 


لاہور(کامرس رپورٹر ) برآمد کنندگان کی سہولت ، معلومات کی فراہمی اور رہنمائی کے لیے لاہور چیمبر میں ایکسپورٹ کاﺅنٹرقائم کردیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ،سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود نے کہا کہ ایکسپورٹ کاﺅنٹر کے قیام کا مقصد برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملکی برآمدات کو فروغ دیکر قیمتی زرمبادلہ ملک میں لاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کاﺅنٹربرآمد کنندگان کو مسائل کے حل، مصنوعات کو فروغ دینے، سرٹیفیکیشن، مارکیٹنگ اور نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ کا?نٹر لک افریقہ، قومی معیشت کے لیے برآمدات کی اہمیت، قواعد و ضوابط ، بین الاقوامی تجارت میں تصفیہ کے طریقہ کار، برآمدی دستاویزات ، ضوابط برائے برآمدات ،بین الاقوامی تجارت سمیت دیگر امور کے بارے میں بھی معلومات مہیا کرے گا۔


 انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو یہ معلومات فراہم کرنا اشد ضروری ہے کہ غیرملکی منڈیوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی اور اپنی مصنوعات کے لیے بین الاقوامی خریدار کیسے تلاش کیے جائیں۔ کاشف انور ،چودھری ظفر محمود اور عدنان خالد بٹ نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لیے کوششیں کرنا اشد ضروری ہے کیونکہ ہماری برآمدات ملک کی پوٹینشل سے مطابقت نہیں رکھتیں، اس لیے ہمارے تاجروں کو آگے آنا ، پوٹینشل سے بھرپور فائدہ اٹھانا اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ لاہور چیمبر اس سلسلے میں ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ مارکیٹنگ کی بہترین حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری زرمبادلہ کمانے میں ویلیوایڈیشن اہم کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ ٹیکنالوجی، مہارت اور ریسرچ پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے بالخصوص نوجوان تاجروں پر زور دیا کہ وہ علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ پر توجہ دیں جو زیادہ منافع بخش ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین جغرافیائی مقام کا حامل ہے اور خطے کو تجارت و مینوفیکچرنگ کا مرکز بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن