افتتاحی میچ میں سری لنکا‘نمیبیا ‘دوسرے میں نیدر لینڈز ‘متحدہ عرب امارات مد مقابل‘قومی ٹیم برسبین پہنچ گئی ‘شاہین ‘فخر‘ہیڈن نے سکواڈ جوائن کرلیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا میں کرکٹ کے چھوٹے فارمیٹ کا بڑا میلہ سج گیا، میگا ایونٹ کا آج سے آغاز ہوگا۔میگا ایونٹ سے قبل تمام کپتانوں کا گروپ فوٹو شوٹ کیا گیا۔ایونٹ کے افتتاحی روز گروپ اے کے دو میچ شیڈول ہیں، سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان پہلا جوڑ پڑےگا، دوسرا میچ نیدر لینڈز اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائےگا۔پاکستانی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے برسبین پہنچ گئی۔قومی ٹیم کرائسٹ چرچ سے آکلینڈ اور پھر برسبین پہنچی۔ فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی‘بیٹر فخر زمان‘سیکنڈ فزیوڈاکٹر جاوید ‘ مینٹور میتھیو ہیڈن نے برسبین میں قومی سکواڈ کو جوائن کرلیا ۔ قومی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ کل پیر کو انگلینڈ کےخلاف کھیلے گی ۔ دوسرا میچ 19 اکتوبر کو افغانستان سے شیڈول ہے۔قومی ٹیم مہم کا آغاز 23 اکتوبر کو بھارت کےخلاف میچ سے کرےگی ۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز میں جیت سے پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل اچھا اعتماد ملا ہے، جس طرح آخری دو میچز میں مڈل آرڈر نے اچھا پرفارم کیا ہے، امید ہے ورلڈ کپ میں بھی مڈل آرڈر اچھا پرفارم کرےگا۔ نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کافی اہم رہی، کوشش کرینگے مومینٹم کو لے کر ورلڈ کپ میں جائیں۔ پاکستان نے ہمیشہ ٹاپ فاسٹ باﺅلرز پیدا کئے ہیں، موجودہ فاسٹ باﺅلنگ یونٹ کافی مضبوط جو شاہین شاہ آفریدی کے آنے سے اور بھی زیادہ مضبوط ہوگیا،۔ پاکستان اور بھارت کے دوران کافی دباﺅ ہوتا ہے‘ انجوائے کرتے ہیں۔
، کوشش کریں گے کہ اس میچ میں اپنا سو فیصد دیں۔بابراعظم نے بھارت کے خلاف میچ میں فاسٹ باﺅلرز کو اہم ہتھیار قرار دےدیااور کہا کہ شاہین شاہ کی موجودگی میں ہمارا فاسٹ باﺅلنگ کا شعبہ بہت مضبوط ہے، امید ہے شاہین زبردست طریقے سے کم بیک کریں گے۔ ہمارے پیسرز نے ٹیم کی کامیابیوں میں ہمیشہ اہم کردار اداکیا ہے، آسٹریلوی کنڈیشنز میں بھی وہ زبردست پرفارمنس دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔