تنخواہوں کیلئے پیسے نہیں ہوتے‘ مفتاح جیسے مشکل فیصلے کرنا ہونگے‘ عشرت حسین
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا ہے کہ وفاق کے پاس تنخواہیں دینے کے بھی پیسے نہیںہوتے‘ بحران سے نکلنے کیلئے مفتاح اسماعیل جیسے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ ٹیکس چوری کیلئے کاروباری افراد کو تمام طریقے معلوم ہیں‘ یومیہ لاکھوں کا کاروبار کرنے والے بھی ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کی معاشی صورتحال میں بہت فرق ہے۔ بھارت نے نوے کی دہائی میں نجکاری شروع کی۔ پاکستان میں ایسا نہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں حکومت جو بھی ہو پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔ سابق گورنر سٹیٹ بنک نے مزید کہا کہ حکومت کو کاروبار نہیں کرنا چاہئے‘ نجکاری کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ٹیکس نیٹ میں ہیں ان پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے۔