ایم کیو ایم کا حکومت سے نکلنے سمیت مختلف آپشنز پر غور شروع، آج اہم اجلاس طلب
کراچی(این این آئی)ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی جانب سے معاہدوں پر ٹال مٹول اور آئینی ترامیم پر تاحال پیش رفت نہ ہونے پر حکومت سے علیحدگی سمیت مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئینی ترامیم پر تاحال معاہدے کے شقوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے اور ایم کیو ایم نے معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے نکلنے سمیت دیگر آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ایم کیو ایم نے صورتحال پر غور کرنے کیلئے اراکین پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس (آج)اتوارکوطلب کرلیا ہے، جس میں پیپلز پارٹی کی مسلسل وعدہ خلافیوں پر حکومت سے علیحدگی سمیت دیگر آپشنز پر مشاورت کی جائیگی۔اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے پارٹی کے تمام اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اراکین اپنی مصروفیات کراچی پہنچ جائیں۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ ہفتے ہی حکومت سے علیحدگی کے امکان کا مسترد کر دیا تھا۔