مستونگ میں آپریشن‘ کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک‘ 4 اہلکار زخمی
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 سکیورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوگئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ایک شخص کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اس کی نعش لے کر جانے والے افراد کو بم دھماکے کا نشانہ بنانے والے افرادکے خلاف حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے مستونگ کے علاقے قابو میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ: مارے گئے کالعدم تنظیم کے کارندے دو روز قبل دشت میں ہونے والے دھماکے میں ملوث تھے۔ ترجمان کے مطابق رات گئے تک دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔