پاکستانی اثا ثے بھارت سے زیادہ محفوظ، با ئیڈن پہلے بھی فضول بیان دیتے رہے : شجاعت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن پہلے بھی غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے رہے ہیں اور اب بھی ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے نہایت غیر ذمہ دارانہ بات کی ہے جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء کے الیکشن سے چند دن پہلے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن، سینیٹر جان کیری اور سینیٹر چک ہیگل ہمارے گھر آئے اور پرویزالٰہی کی ایجوکیشن پالیسیوں اور صحت کے شعبوں میں مثالی کاموں کو سراہا جس کے بعد انہوں پاکستان کی سیاست اور الیکشن کے حوالے سے باتوں میں کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ ق الیکشن جیت گئی تو ہم نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ترین ہیں جو اس وقت پاک فوج کے مضبوط ہاتھوں میں ہیں، جب سے پاکستان نے ایٹمی پروگرام شروع کیا اس وقت سے آج تک کبھی بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا اور ہمارے ایٹمی اثاثے ہندوستان سمیت کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو زیربحث لانے کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اسے زیر بحث لایا جائے۔