پنجاب کو گندم درآمد کی اجازت نہ دینے پر سپریم کورٹ جا ئیں گے : پرویز الہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کادورہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت کے مختلف سیکشن کا وزٹ کیا۔ لائبریری، آڈیٹوریم اور دیگر دفاتر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے سیرت اکیڈمی و قرآن کمپلیکس کا 3جون 2006ء کو سنگ بنیاد رکھا اور18نومبر 2007ء کو سیرت اکیڈمی و قرآن کمپلیکس کا افتتاح کیا، تاہم میرے دیگر منصوبوں کی طرح شہباز شریف نے میرے اس منصوبے کو بھی روکے رکھا اور سیرت اکیڈمی کو غیر فعال رکھا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزمیں قرآنی آیات آویزاں کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لائبریری کو اپ گریڈ کر کے ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ سیرت اکیڈمی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔ ریسرچ سکالرز کیلئے ہاسٹل تعمیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں قرآن میوزیم بھی بنائینگے، جہاں پر قرآن مجید کے نایاب اور نادر نسخہ جات رکھے جائیں گے۔ سیرت اکیڈمی کو دین کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں کا مرکز بنایا جائے گا۔ سیرت اکیڈمی میں دینی نصاب کے حوالے سے تحقیقی کام بھی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ اوقاف کے تمام ملازمین کیلئے 15فیصد اور 25فیصد سپیشل الاؤنس اور ڈی جی مذہبی امور، خطبا اور موذن کی پوسٹوں کو اپ گریڈیشن کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موذن کے سکیل4،5 کو اپ گریڈ کر کے 7 اور نائب خطیب، مدرس کے سکیل6،7 کو اپ گریڈ کر کے 12 کیا جائے گا‘ جبکہ خطیب امام کے سکیل 9کو اپ گریڈ کر کے14 اور سینئر خطیب کے سکیل12کو اپ گریڈ کر کے16کیا جائے گا۔ اسی طرح ضلعی خطیب کے سکیل 16کو اپ گریڈ کے 17، زونل خطیب کے سکیل کو 17سے اپ گریڈ کر کے 18 اور صوبائی خطیب کے سکیل کو 18سے اپ گریڈ کر کے19کیا جائے گا جبکہ ڈی جی مذہبی امور کے سکیل20 کو اپ گریڈ کر کے 21 کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کو ہر برس 30کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ دے گی اور اس گرانٹ میں ہر برس 5کروڑ روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ ہم ایسا قانون بنا دیں گے کہ کوئی ان اخراجات کو روک نہیں سکے گا۔ مخالفین کو شرم و حیا آتی ہے یا نہیں لیکن وہ ہمارے فیصلوں کو آئینی و قانونی طور پر روک نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف نے سیرت اکیڈمی آئی ٹی ٹاور سمیت ہمارے ہر اچھے کام کو بند کیا اور تالے لگائے۔ میں نے آتے ہی اتحاد بین المسلمین کمیٹی اور متحدہ علماء بورڈ کو فعال کیا۔ علمائے کرام مشاورت کے ساتھ فیصلے کریں، ہماری حکومت ان پر عمل کرے گی۔ معاشی، سیاسی اور دینی لحاظ سے علمائے کرام کی رائے کو اہمیت دیں گے۔ سیرت اکیڈمی میں خلفائے راشدین کے ادوار پر ریسرچ ہوگی۔ دین کے حوالے سے نئی نسل کے ذہن کو پختہ کرنا چاہتے ہیں۔ سیرت اکیڈمی میں بیرون ملک جامعہ الازہر سے بھی سکالرز کو بلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو 2لاکھ میٹرک ٹن گندم دی ہے اور دیگر صوبوں کو بھی وفاق گندم دے رہا ہے، پنجاب نے کیا قصور کیا ہے۔ وفاق کو اس دوغلے طرز عمل پر شرم آنی چاہیے۔ وفاق کی جانب سے گندم کی امپورٹ کی اجازت نہ دینا دراصل پنجاب سے دشمنی ہے۔ وفاقی حکومت سمجھتی ہے کہ پنجاب کو بھوکا مارکر ملک چلا لیں گے تو اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بدلہ لینا ہے تو سیاسی طور پر میدان میں آؤ اور اپنے بندے پورے کرو۔ پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینا زیادتی ہے، ہم سپریم کورٹ جائیں گے، ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا۔ وفاقی حکومت گندم کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے لئے گندم کی امپورٹ کھول دیں تو آٹے کی قیمت نیچے آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے نیٹ ہائیڈل پر افٹ سمیت دیگرمدات میں پنجاب کے 170ارب روپے دینے ہیں۔ کاشتکاروں کو حکومت پنجاب ساڑھے تین ارب روپے سبسڈی دے رہی ہے۔ پیناڈول کی بروقت قیمت نہ بڑھانے پر قلت پیدا ہوئی،ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، جس نے فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ پر تحقیقات ہورہی ہیں اورجلد ایکشن ہو گا اور ذمہ داروں کو سزا بھی ملے گی۔ انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کر کے رپورٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ میوہسپتال میں چندروزکے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر بھی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اورخریدو فروخت کو روکنے کیلئے قانون سازی کر رہے ہیں۔ انسداد منشیات کا علیحدہ محکمہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ ایل ڈی اے لاہور میں گرین اور براؤن ایریاز کو باقاعدہ ڈکلیئر کرے گا اورکوئی بھی گرین ایریا میں ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں بنا سکے گا۔ چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا محمد حنیف جالندھری، جامعہ اشرفیہ کے مفتی احمد علی، راسخ الٰہی، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی ایچ اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گندم کے موجودہ سٹاک اور دیگر امور کاجائزہ لیا گیا۔ یوریا، فاسفیٹ، گندم کے بیج اور درآمدی گندم پر سبسڈی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سبسڈی کیلئے قابل عمل اور بہتر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، صوبائی وزیرخوراک سردار حسنین بہادر دریشک، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ مزید برآں خوراک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غذائی قلت کے امکان کو کم کرنے کیلئے خوراک کا ضیاع روکنا ہوگا اور اس ضمن میں عام آدمی کو بھرپور آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے۔ ملک میں غذائی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔