• news

سیکولر عناصر مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ججز کو بھی نشانہ بنانے لگے :صاحبزادہ ابوالخیر


لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے بلوچستان ہائی کورٹ اور فیڈرل شریعت کورٹ کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کو دوران نماز عشاءمسجد میں شہید کرنے کے واقع کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکولر عناصر کی ہمت اب اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ججز کو بھی نشانہ بنانے لگے ہیں اور مسجد کے تقدوس کو بھی پامال کررہے ہیں۔ ملک میں منظم منصوبہ بندی کے تحت سیکولر ایجنڈے کے خلاف کام کرنے والوں کونشانہ بنایا جارہا ہے جو مذہبی قوتوں اور اسلام پسندوں کیلئے لمحہ فکر یہ ہے۔ حکومت ایسے عناصر کو بے نقاب کر ے اور انہیں گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔ جسٹس نور مسکانزئی نے سود ی نظام کو ختم کرنے کا تاریخ ساز فیصلہ دیا تھا اورانہیں ٹرانس جینڈر ایکٹ سمیت غیراسلامی قوانین پرسخت تحفظات تھے۔ صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ لادین اور سیکولر قوتیں ملک میں انتشار پھیلانے اور اسلامی سوچ رکھنے والوں کے خلاف مذموم کاروائیاں کررہی ہیں۔ حکومت پاکستان ایسے عناصر کیخلاف فوری کارروائی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن