اہداف حاصل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کاتعاون درکار: ہارون ملک
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال ریفریز ایسوسی ایشن کے وفد کی چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک سے ملاقات ہوئی،لاہور میں پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرزمیں ہونے والی نشست میں رکن این سی شاہد نیاز کھوکھر بھی چیئرمین کے ہمراہ تھے، مہمان وفد میں کانگرس ممبرز محمد شفیق، سعید خان، عیسی خان، نذیرحسین، محمد شریف، محمد اقبال چوہدری،عبدالرشید اور ریفری برادری کے آبزرور مظہر یقوب، شفاعت حبیب، اعجاز محسن شیرازی، جاوید بنگش، خرم شہزاد، وحید مراد، خالدخان، ارشاد الحق، محمد علی اور احمدرﺅف موجود تھے۔ ہارون ملک نے کہا کہ آپ سب ریفریز ایسوسی ایشن ہی نہیں پاکستان کے نمائندہ ہیں، بیچ سوکر اور فٹسال کے ایونٹس شروع ہونے سے آپ کیلئے پرفارمنس کے مواقع بھی بڑھیں گے،پی ایف ایف الیکشنز کےساتھ فٹبال اور ریفریز کی ترقی بھی نارملائزیشن کمیٹی کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان فٹبال کنیکٹ پروگرام میں ریفریز کو بھی رجسٹر کیا جائےگا جس سے انھیں انٹرنیشنل سطح پر پہچان اور مواقع ملیں گے۔اپنے اہداف حاصل کرنے کیلئے ہمیں تمام سٹیک ہولڈرز خاص طور ریفریز اور کوچز کا تعاون درکار ہے۔پاکستان فٹبال کے مفاد اور بہتر مستقبل کیلئے ہم سب کو مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کھیل کی بہتری کیلئے ریفریز ایسوسی ایشن کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔نارملائزیشن کمیٹی ریفریز کو ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں رہے گی۔