آئی سی سی نے کرونا میں مبتلا کرکٹر کو کھیلنے کی اجازت دیدی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرونا وائرس کی علامات کے باوجود کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت دےدی۔کرونا کی علامات ظاہر ہونے پر بھی کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت ہوگی۔آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق کرونا علامات ظاہر ہونے پر کرکٹرز کےلئے کرونا کی فوری ٹیسٹنگ اور آئیسولیشن لازمی نہیں ہوگی۔ کرکٹرز کا پی سی آر ٹیسٹ مثبت آنے پر سکواڈ میں تبدیلی کی اجازت ہوگی۔متاثرہ کرکٹر کوکرونا ٹیسٹ منفی آنے پر سکواڈ میں واپسی کی اجازت ہوگی۔
ہنٹرز ہم تھے مگر ہمارا ہی شکار کرلیا گیا
ٹیم کے لیگ سے باہر ہونے پر سیمی کا ردعمل
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان جونیئر لیگ کی ٹیم حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور اور سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ پی جے ایل میں حیدر آباد ہنٹرز کی ٹیم شکار ہو گئی ہے حالانکہ ہنٹرز ہم تھے تاہم ہمارا ہی شکار کر لیا گیا۔ حیدر آباد ہنٹرز پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی۔ کوئی میچ نہ جیت کر ایونٹ سے باہر ہونا مایوس کن ہے، میں نے مینٹور کی حیثیت بہت کچھ بتانا چاہا جو کہ میرا کام بھی تھا تاہم ضرورت پلان پر عمل کرنے کی ہے، پلان پر عمل کی کمی تھی جو ٹیم کے لیگ سے باہر ہونے کا سبب بنی۔
ہم ایک بھی میچ نہیں جیتے، کھلاڑیوں نے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی اور ہم شکار ہو گئے، تمام کوچنگ سٹاف کو مایوسی ہے کہ ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ جونیئر کی سطح پر لیگ درست سمت میں ایک قدم ہے، کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے گا، ٹی ٹونٹی کا ایکسپوژر نوجوانوں کو مستقبل میں کام آئےگا۔اس دوران ٹیلنٹ بھی سامنے آیا ہے، بیٹر باسط علی سمیت دو تین فاسٹ باﺅلرز اور سپنرز اچھے سامنے آئے ہیں۔