• news

طلبہ میں اعلیٰ اخلاقی اقدار سے بہترمعاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے: گورنر


بہاول پور (نامہ نگار) گورنر پنجاب اور چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات کی کردار سازی میں اساتذہ کرام کا مرکزی کردار ہے۔ ہمارے طلباء اور طالبات میں اعلیٰ اخلاقی اقدار پروان چڑھا کر ایک احسن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی کے عباسیہ کیمپس میں اساتذہ کرام کے لیے منعقد کی گئی اختتامی تقریب اور تقسیم اسناد کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی جانب سے تدریسی و تحقیقی معیار میں اضافے کے لئے تمام اساتذہ کرام کے لیے تربیتی پروگرام تمام جامعات کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ قبل ازیںگورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے پیڈاگوجیکل ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی سینٹ کا 70 واں اجلاس گورنر پنجاب وچانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت عباسیہ کیمپس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے مالیاتی سال 2021-22ء اور 2022-23ء کے حوالے سے بالترتیب 7058.4 ملین روپے اور8093.9ملین روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ مذکورہ مالیاتی سالوں کا ترقیاتی بجٹ بالترتیب 1265.5 ملین روپے اور 2277.9 ملین روپے ہے۔  اجلاس میں یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے 72 ویں،73ویں، 74ویں اور 75ویں اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن