• news

یقین ہے عمران اگلے اتوار تک مارچ کا اعلان کر دینگے: شیخ رشید


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بیان غیر ذمہ دارانہ ہے دنیا کی ٹامک اتھارٹی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو محفوظ ترین ہونے کے سرٹیفکیٹ دے چکی ہیں جنہوں نے یہ بارہا مانا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہم روایتی ہتھیاروں سے نہیں ایٹمی ٹیکنالوجی سے دشمن کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ بلاول کہہ رہے ہیں کہ جوبائیڈن نے پارلیمنٹ میں بیان نہیں دیا یہ سرسری بیان ہے، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں تم لوگوں نے اپنے کیس ختم کرانے کیلئے بین الاقوامی سازش کے تحت ملک کو بحران میں ڈالا ہے۔ قومی سلامتی کیلئے کسی غیر ذمہ دارانہ سیاسی سوچ کے ساتھ قوم کھڑی نہیں ہو سکتی۔ عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ لانگ مارچ کا اعلان کر کے معاملہ آر یا پار کریں، مجھے یقین ہے کہ اگلے اتوار تک عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کر دیں گے۔16 سے20 اکتوبر تک کی تاریخیں اہم ہیں، اتوار کے روز لال حویلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت معیشت کی بری حالت ہے۔ بجلی ، گیس اور آٹا عوام کیلئے مسئلہ بن چکے ہیں، سرکاری محکمے اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کر پا رہے، پاکستان کی سیاست میں موجودہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ یہ قومی غیرت کا سوال ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف آئینی اور قانونی جنگ میں عمران خان کا ساتھ دیا جائے اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ رانا ثناء اللہ 30 ہزار کی بجائے30 لاکھ بھی لے آئے لیکن میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی فوج اپنے لوگوں پہ گولی نہیں چلا سکتی۔شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہم سے لال حویلی ہتھیانے کی کوشش کرتی ہے۔ لال حویلی کا مقام مکین سے بلند ہوا ہے لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی ہوگی، ہمیں اس کے مکین کی حیثیت سے حق ملے گا۔ اپنی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز باپ کی سالگرہ اور ان کے ساتھ ہیپی نیو ائر کے ساتھ نیو ایئر منانے کے بعد ہی واپس آئیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن