ٹرانس جینڈر ایکٹ مغربی ممالک کی پاکستان کیخلاف گہری سازش :جاوید قصوری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے اصل مسائل مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی غربت و افلاس کی کوئی پرواہ نہیں۔ٹرانس جینڈر ایکٹ مغربی ممالک کی پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے۔ پاکستان کے اسلامی معاشرے میں یہ ہر گز قابل قبول نہیں۔ افسوس کا مقام یہ ہے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے بھی ٹرانس جینڈر ایکٹ کے اس شرمناک اقدام میں حکومت کے ساتھ برابر کے شریک رہے ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ سیکولر لابی پاکستان کے اسلامی تشخص اور معاشرتی اقدار پر حملہ آور ہے۔ حکومت کو خواجہ سراؤں کے حقوق کی آڑ میں ہم جنس پرستی اور بے حیائی کے خلاف ہر قسم کے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ پاکستان کے باشعور اور غیور عوام اس اہم ایشو پرمتحدہیں اور غیر اسلامی قانون سازی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ملک کے اسلامی تشخص اور نظام مصطفیٰ کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ہر صورت میں بے نقاب ہونا چاہیے۔ ٹرانس جینڈر ایکٹ براہ راست ہمارے خاندانی نظام پر حملہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیکولر طبقہ اپنے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے ایسے اقدامات کررہا ہے۔